امریکا کی شمالی ریاست الاسکا کے انتہائی شمال میں واقع شہر اُتقیاقوک (جسے پہلے بیرو کہا جاتا تھا) میں ایک منفرد قدرتی مظاہرہ شروع ہو گیا ہے، جہاں اب آنے والے کئی مہینوں تک رات کی تاریکی نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق 10 مئی کو مقامی وقت کے مطابق رات 1 بج کر 48 منٹ پر سورج آخری بار غروب ہوا، جس کے صرف 69 منٹ بعد یعنی 2 بج کر 57 منٹ پر دوبارہ طلوع ہو گیا، اس کے بعد اب تقریباً 84 دنوں تک سورج غروب نہیں ہوگا اور مسلسل روشنی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
یہ شہر آرکٹک سرکل کے اندر واقع ہے، جہاں ہر سال موسم گرما میں ایسا قدرتی عمل ہوتا ہے جسے “مڈ نائٹ سن” یعنی آدھی رات کا سورج کہا جاتا ہے، اس دوران سورج افق سے نیچے نہیں جاتا اور دن اور رات کا فرق ختم ہو جاتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اُتقیاقوک کو اس کے برعکس موسم سرما میں قطبی رات (پولر نائٹ) کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے، جب سورج کئی ہفتوں یا مہینوں تک طلوع نہیں ہوتا۔
عام طور پر یہ صورتحال 18 نومبر کے بعد شروع ہوتی ہے اور جنوری کے آخری حصے میں سورج دوبارہ نمودار ہوتا ہے، جس دوران تقریباً 64 دن تک مکمل اندھیرا چھایا رہتا ہے۔
یہ قدرتی مظاہر زمین کے جھکاؤ اور سورج کے گرد اس کی گردش کے باعث پیدا ہوتے ہیں، جو آرکٹک اور انٹارکٹک خطوں میں عام ہیں۔