وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے حکومتی اتحاد کا اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا ہے، اس دوران اہم حکومتی اتحادی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وزیر اعظم شہباز شریف سے خصوصی ملاقات بھی طے کی گئی ہے۔
اتوار کو اتحادی حکومت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کی اہم ملاقات طے کر لی گئی ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کا اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی بلایا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سربراہان شریک ہوں گے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے پیر کو بلاول بھٹو زرداری بھی خصوصی طور پر اسلام آباد پہنچیں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطح کے حکومتی اتحادی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے اور بعد ازاں وزیر اعظم سے خصوصی ملاقات بھی کریں گے جبکہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں حکومت کے انتظامی معاملات زیر بحث آئیں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران حکومت سے معاہدوں پر پارٹی تحفظات سامنے رکھیں گے۔ پنجاب میں ترقیاتی فنڈز کی عدم فراہمی سمیت اہم معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔