پنجاب میں محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کیلئے فوج اور رینجرز کے دستے طلب کر لیے گئے ۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے پاک فوج اور رینجرز کی خدمات طلب کرنے کیلئے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ لکھ دیا ، قانون نافذ کرنے والے ادارے محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کیلئے خدمات سر انجام دینگے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق مجموعی طور پر پنجاب کے 39 اضلاع میں فوج اور رینجرز کی 137 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں جبکہ صوبے میں پاک فوج کی 61 اور رینجرز کی 76 کمپنیاں تعینات کرنے کیلئے مراسلہ لکھا گیا ہے ۔
ترجمان کے مطابق پاک فوج اور رینجرز کے دستے مختلف اضلاع کی ضرورت کے مطابق یکم سے 11 محرم کے دوران خدمات سرانجام دیں گے۔
صوبائی محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ پنجاب پولیس کی درخواست پر سکیورٹی میں معاونت کیلئے لکھا گیا ہے ۔
قبل ازیں محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کیلئے اہم ہدایات بھی جاری کررکھی ہیں جس میں امام بارگاہوں اور جلوسوں کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
ان ہدایات کے مطابق صرف منظور شدہ اور لائسنس یافتہ جلوس و مجالس کو ہی اجازت ہوگی، جلوس و مجالس صرف مقررہ اوقات میں روایت و اجازت کے مطابق ہوں گے، حساس مقامات و تنصیبات، مارکیٹس اور رش والی جگہوں پر خاص توجہ دی جائے، بڑے جلوسوں کے تمام راستوں اور ملحقہ علاقوں کا مکمل معائنہ کیا جائے۔
جلوس و مجالس کے گردونواح ٹریفک کی روانی کیلئے انتظامات کیے جائیں، پارکنگ کے انتظامات امام بارگاہوں اور مجالس سے کم ازکم 500 گز فاصلے پر کیے جائیں، نیاز اور سبیلوں کی اسپیشل برانچ، پنجاب فوڈ اتھارٹی اور متعلقہ محکموں سے مکمل جانچ کروائی جائے۔
جلوس کے راستے میں بازار اور دکانیں مکمل چیکنگ کے بعد بند رہیں گی، جلوس کے راستوں اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کیلئے سنائپرز تعینات کیے جائیں، متعلقہ ایس ایچ اوز منتظمین سے جلوس اور مجالس کے تسلی بخش سکیورٹی انتظامات کا تحریری سرٹیفکیٹ لیں، تمام اضلاع ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے جامع منصوبہ بندی مکمل کریں اور محکمہ داخلہ کو بھجوائیں۔