اگر بھارت نے تصادم کا راستہ اختیار کیا تو یہ اس کی چوائس ہوگی، تاہم معاملہ آگے کہاں جائیگا یہ ہماری چوائس ہوگی، ترجمان پاک فوج

اگر بھارت نے تصادم کا راستہ اختیار کیا تو یہ اس کی چوائس ہوگی، تاہم معاملہ آگے کہاں جائیگا یہ ہماری چوائس ہوگی، ترجمان پاک فوج

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے۔ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے غیرسنجیدہ اقدام اٹھایا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہماری افواج الرٹ، ہم چوکس ہیں، بھارت کی کسی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے تصادم کا راستہ اختیار کیا تو یہ اس کی چوائس ہوگی تاہم معاملہ آگے کہاں جائیگا، یہ چوائس ہماری ہوگی۔ پاک فوج دشمن کو جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ڈی جی آئی ایس پی آر اور ترجمان دفتر خارجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال پر دوست ممالک کیساتھ رابطے میں ہیں۔ پاکستان واحد ملک ہے جس نے دہشتگردی کیخلاف فرنٹ لائن پر جنگ لڑی ہے۔ بھارت جان بوجھ کر خطے میں حالات کشیدہ کر رہا ہے۔ پاکستان پر الزام لگانا بھارتی سوچ کا حصہ ہے۔ پاکستان بھارت کی سہولتکاری سے کی گئی دہشتگردی کا شکار رہا ہے۔ بھارت پاکستان سمیت کئی ممالک میں دہشتگردی میں ملوث ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے حالات خراب کر رہا ہے۔ معصوم شہریوں کا قتل قابل مذمت ہے ۔بھارت بتائے کہ ہائی پروفائل دوروں کے دوران ہی ایسے واقعات کیوں ہوتے ہیں؟۔ پاکستان کی قومی اور اسلامی پالیسی ہے کہ ایک بے گناہ انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے مسائل حل کرنے بجائے دوسروں پر پر الزام لگا تا ہے، وہ ہمیشہ خطے میں کشیدگی کو ہوا دیتا ہے اور کسی بھی چیز کا الزام پاکستان پر ڈال دیتا ہے، انہوں نے مودی سرکار سے سوال کرتے ہوئے کہ بھارت یہ بتائے ہائی پروفائل دوروں کے دوران ہی ایسے حالات کیوں ہوتے ہیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پانی پاکستانیوں کی لائف لائن ہے ، بھارت کی جانب سے کوئی جارحیت کی گئی تو بھر پور جواب دیا جائے گا ، بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کر کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اگر بھارت نے پانی روکنے کی کوشش کی تو یہ جنگ تصور ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پہلگام واقعے پر بھارت کو شفاف اور غیر جانبدار عالمی تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔ غور کرنا ہوگا کہ بھارت نے یہ مہم جوئی کیوں کی اور اس کے مقاصدر کیا ہیں؟۔ سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارتی بیان عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ کوئی ملک یکطرفہ طور پر یہ معاہدہ ختم نہیں کر سکتا۔

پہلگام واقعے کے پیچھے بھارت کے سیاسی مقاصد ہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹرجنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم اس واقعے کے حقائق پر جائیں گے۔ پہلگام واقعہ لائن آف کنٹرول سے 230کلومیٹر دور ہوا۔ جائے وقوعہ سے پولیس اسٹیشن پہنچنے کیلئے کم سے کم 30 منٹ کا سفر ہے۔ واقعے کی ایف آئی آر کے مندرجات اور اندراج نے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ 10منٹ میں کیسے ممکن ہے کہ کوئی ایف آئی آر درج کروادے۔ 10 منٹ میں درج کروائی گئی ایف آئی آر میں ہینڈلر جیسے الفاظ استعمال کیے گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پہلگام واقعہ، الزام تراشی کی بجائے بھارتی حکومت کو جواب دینا ہوں گے۔ پہلگام واقعے کو فوری طور پر مسلمانوں سے جوڑ دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ یہ حملہ پاکستانی ایجنسیوں نے کروایا ہے۔ میڈیا کی جانب سے زپ لائن آپریٹر کی ویڈیو کو بنیاد بنا کر جھوٹا بیانیہ بنایا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پہلگام واقعے کے سیاسی مقاصد ہیں۔ اس واقعے کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ بھارت 50 سال سے اسی ڈگر پر چل رہا ہے کہ پاکستان پر الزام لگائو، کریڈٹ لو اور الیکشن جیتو، یہی ان کا مقصد ہے۔ بھارت نے پلوامہ واقعے کو کشمیر کی حیثیت بدلنے کیلئے استعمال کیا تھا۔ بھارت خود ایک دہشتگرد ریاست ہے۔

ان کا کہنا تھا اطلاعات ہیں کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے سینکڑوں پاکستانیوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں رکھا ہوا ہے اور کچھ کو جعلی مقابلوں میں مارا گیا۔ بھارتی جیلوں میں قید بے گناہ پاکستانیوں کودہشتگرد قرار دے کر قتل کیا جارہا ہے۔ چھٹی سنگھ پورا اور پلواما جیسے واقعات بھارت نے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیے ہیں۔ بھارت واقعات کو استعمال کرنے کیلئے ایک ہی طرز پر عمل کرتا ہے۔ بھارت پاکستان میں ریاسی دہشتگردی کروا رہا ہے۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ میانوالی واقعے سے قبل بھارتی ایجنسیوں سے منسلک سوشل میڈیا اکائونٹ نے کہا کہ کل بڑا دن آنیوالا ہے۔ میانوالی دہشتگرد حملہ خوارج اور بھارت کے گٹھ جوڑ کو ظاہر کرتا ہے۔ بھارت پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف کامیابیوں کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔ بلوچستان میں دہشتگردی میں بھارتی فوج ملوث ہے۔ سرینڈر کرنیوالوں نے بتایا ہے کہ بھارت کیسے دہشتگردوں کو سپانسر کرتا ہے۔ شواہد موجود ہیں کہ بھارتی فوج کا حاضر سروس آفیسر دہشت گردوں کا ہینڈلر ہے۔ ہمارے پاس مستند اطلاعات ہیں کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے اپنے آلہ کار پاکستان میں دہشتگردی کیلئے متحرک کر دیے ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خود مختاری اور سلامتی کیلئے کسی بھی حدتک جائیگا۔ ہم نے جوابی اقدامات کیلئے مکمل تیاری کر لی ہے۔ قوم متحد ہے، سلامتی کمیٹی کا بیانیہ آچکا ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کا عزم ہے کہ کسی بھی کارروائی کا بھرپور طریقے سے جواب دیا جائیگا۔ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے، ہمارے پاس میزائل ہیں۔ ہم بھارت کے ہر شعبے کی نگرانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے بھارت پر واضح کیا کہ ہم تیار ہیں، آزمانا نہیں۔ بھارت نے اگر تصادم کا راستہ اختیار کیا تو یہ ان کی چوائس ہے لیکن معاملہ آگے کہاں جائیگا، یہ ہماری چوائس ہوگی۔ پاکستان آرمی، نیوی اور فضائیہ کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کو تیار ہیں۔ پاکستانی قوم اپنے ملک کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ الحمدللہ پاک فوج نے خوارج کی دہشتگردی کو ناکام بنایا ہے، دیکھنا چاہئے کہ کون پاکستان میں دہشتگردی کرنیوالوں کو ہیرو بنا کر پیش کر رہا ہے۔ پاکستان دہشگردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے، سیکیورٹی فوسرزروزانہ کی بنیاد پر 190سے زائد آپریشنز کر رہی ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *