پنجاب اسمبلی نے صوبے میں فلم انڈسٹری کے فروغ کے لیے ایک اہم بل منظور کر لیا ہے جس کے تحت ’پنجاب فلم سٹی اتھارٹی‘ قائم کی جائے گی۔
اجلاس میں پیش کیا گیا پنجاب فلم سٹی اتھارٹی ایکٹ2026کثرت رائے سے منظور ہوا جس کا مقصد فلم، ڈرامہ اور ڈاکیومنٹری کی صنعت کو منظم اور جدید خطوط پر ترقی دینا ہے۔
نئے قانون کے مطابق فلم سازی اور میڈیا پروڈکشن کے لیے حکومتی سرپرستی فراہم کی جائے گی جبکہ تمام اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔ اس کے ساتھ فلم انڈسٹری کے لیے خصوصی فنڈ بھی قائم کیا جائے گا۔
بل کے تحت نئی فلم پالیسی، قواعد و ضوابط اور لائسنسنگ کا ایک جامع نظام متعارف ہوگا۔ فلم سازوں کو ون ونڈو آپریشن، اجازت ناموں اور دیگر سہولیات تک آسان رسائی دی جائے گی۔
اس کے علاوہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے خصوصی مراعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ منصوبے میں فلم سٹوڈیوز، فلم سٹی اور پوسٹ پروڈکشن سہولیات کے قیام کی راہ بھی ہموار کی گئی ہے۔
نوجوان ٹیلنٹ کی تربیت کے لیے خصوصی ٹریننگ پروگرامز شروع کیے جائیں گے جبکہ فلم انڈسٹری کے لیے گرانٹس اور سبسڈی کا نظام بھی متعارف ہوگا۔
اتھارٹی کا ایک اور اہم مقصد پنجاب کی ثقافت، سیاحت اور مثبت تشخص کو فلم کے ذریعے اجاگر کرنا ہوگا۔ ساتھ ہی فلم انڈسٹری سے متعلق شکایات اور مسائل کے حل کا اختیار بھی اسی ادارے کو حاصل ہوگا۔