وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فلم اور ڈیجیٹل میڈیا انڈسٹری کو نئی جان دینے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا۔ لاہور میں 50 ایکڑ پر جدید پنجاب فلم سٹی بنانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
یہ منصوبہ نوازشریف آئی ٹی سٹی کے اندر قائم کیا جائے گا جہاں اسے ملک کا پہلا مکمل میڈیا پروڈکشن حب بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کے مطابق یہ فلم سٹی ایک مکمل ’ون ونڈو‘ سسٹم ہوگا جہاں فلم، ٹی وی، اینیمیشن اور ڈیجیٹل میڈیا کی تیاری کے لیے تمام سہولیات ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گی۔
منصوبے میں جدید اسٹوڈیوز، ساؤنڈ اسٹیجز، اور پوسٹ پروڈکشن لیبز شامل ہوں گی۔ شوٹنگ کے لیے مختلف سیٹس، مکمل سہولیات، اور ایک خوبصورت مرکزی جھیل بھی بنائی جائے گی۔ اس کے ساتھ بڑے ایونٹس اور ایوارڈ شوز کے لیے کنونشن ہالز بھی تعمیر ہوں گے۔
اہم بات یہ ہے کہ وی ایف ایکس اور پوسٹ پروڈکشن کے لیے بیرون ملک انحصار کم کرنے پر خاص توجہ دی جائے گی، تاکہ مقامی سطح پر ہی عالمی معیار کی پروڈکشن ممکن ہو سکے۔
منصوبے میں میڈیا ٹریڈ ہب کے ساتھ فلم اور میوزک اسکول بھی قائم کیے جائیں گے جہاں نئی ٹیلنٹ کو تربیت دی جائے گی۔ اس سے نہ صرف فلم انڈسٹری کو فروغ ملے گا بلکہ ہزاروں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
حکومت کے مطابق یہ فلم سٹی اینیمیشن، گیمنگ اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں کو بھی مضبوط کرے گا اور تخلیقی معیشت کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ منصوبے کو مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا، جبکہ مزید تفصیلات جلد سامنے آنے کی توقع ہے۔