کراچی میں اسٹریٹ کرائمز نے عام شہریوں کی زندگی اجیرن کر کے رکھ دی ہے وہیں معروف شخصیات بھی اس سے محفوظ نہیں ہیں، حال ہی میں پاکستان کے نامور فیشن ڈیزائنر اور اداکار دیپک پروانی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ تین ماہ کے دوران تین مرتبہ ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹ چکے ہیں ۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں دیپک پراوانی نے بتایا کہ مسلح ملزمان مختلف مواقع پران سے گاڑی، موٹر سائیکل اور نقد رقم چھین کر فرار ہو گئے، انہوں نے واضح کیا کہ یہ مسئلہ محض انفرادی نوعیت کا نہیں بلکہ کراچی میں جرائم کی مجموعی اور بگڑتی ہوئی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔
فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی کا کہنا تھا کہ ان کے اسٹاف کے افراد بھی ان ڈکیتیوں سے محفوظ نہیں ہیں اور ان کے ایک ملازم کے گھر میں صرف ایک ماہ کے دوران دو مرتبہ چوری کی واردات ہوئی، جبکہ ایک اور ملازم کے بیٹے کو بھتہ نہ دینے پر تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کراچی میں بڑھتی بدامنی، مہنگائی اور عوامی مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں حالات خطرناک رخ اختیار کر چکے ہیں، جہاں شہری نہ صرف مالی بلکہ جانی خطرات سے بھی دوچار ہیں۔
ان کے بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے ردعمل دیتے ہوئے کراچی میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا ، صارفین نے شہر کو بڑھتے جرائم کے باعث غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ دیپک پروانی پاکستان کی فیشن انڈسٹری کا ایک نمایاں نام ہیں، جو کئی عالمی و قومی اعزازات حاصل کر چکے ہیں ، وہ دنیا کا سب سے بڑا کرتا ڈیزائن کرنے کا منفرد ریکارڈ بھی رکھتے ہیں تاہم ان کا یوں بار بار جرائم کا نشانہ بننا کراچی میں سیکیورٹی کی صورتحال پر سوالیہ نشان ہے ۔