وفاقی حکومت نے وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم 2025 دوبارہ شروع کر دی ہے، جس کے تحت ملک بھر کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں زیر تعلیم ہزاروں طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔
یہ اقدام وزیراعظم یوتھ پروگرام کا حصہ ہے، حکام کے مطابق اس سکیم کا مقصد ان مالی رکاوٹوں کو دور کرنا ہے جو طلبہ کو آن لائن کلاسز، تحقیقی سہولتوں اور فری لانسنگ مواقع تک رسائی سے محروم رکھتی ہیں۔
اس سلسے میں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کئی خاندانوں کیلئے لیپ ٹاپ خریدنا ایک خواب ہے اور یہ سکیم اسی خلا کو پُر کرنے کے لیے ہے۔
اس سکیم کے حوالے سے طلبہ کی درخواستوں کے بارے میں بار بار کیے جانے والے سوالات کے حل کے لیے حکومت نے ایک نیا آن لائن ٹریکنگ سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے۔
اب طلبہ laptop.pmyp.gov.pk پر جا کر اپنا شناختی کارڈ نمبر درج کریں، اپنی یونیورسٹی منتخب کریں اور فوراً معلوم کر سکیں گے کہ ان کی درخواست منظور ہوئی ہے، زیرِ جائزہ ہے یا مسترد کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ لیپ ٹاپ طلبہ کو ڈیجیٹل سہولتیں فراہم کریں گے تاکہ وہ بغیر کسی تاخیر کے آن لائن کلاسز لے سکیں۔
اس اقدام کے تحت طلبہ ڈیجیٹل لائبریریز استعمال کریں، آئی ٹی مہارتیں سیکھیں اور یہاں تک کہ فری لانسنگ یا ریموٹ ورک کے ذریعے اپنے خاندان کی مدد بھی کر سکیں گے۔