سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کے خلاف مؤثر کارروائی کی جس کے نتیجے میں 13 بھارتی سپانسرڈ خارجی دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں ہتھیار اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔ یہ دہشت گرد درابن کے علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد دسمبر 2023 میں درابن میں ہونے والے خودکش حملے میں سہولت کار تھے۔ وہ سرکاری اہلکاروں اور معصوم شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث رہے۔
علاقے میں خارجی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن کا عمل جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز بھارتی سپانسرڈ سلامتی دشمن دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔