بھارتی حکومت نے جنرل انل چوہان کی بطور چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) مدتِ ملازمت میں توسیع کر دی ہے۔ اب وہ 30 مئی 2026 تک یا آئندہ کسی حکم تک اس عہدے پر فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔
24 ستمبر 2025 کو جاری حکم نامے کے مطابق کابینہ کی اپائنٹمنٹس کمیٹی (اے سی سی) نےجنرل انل چوہان کی مدتِ ملازمت میں توسیع کی منظوری دی۔ وہ بھارت کی وزارتِ دفاع کے تحت ڈپارٹمنٹ آف ملٹری افیئرز کے سیکرٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
جنرل انل چوہان کو 28 ستمبر 2022 کو چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کیا گیا تھا۔ وہ 1981 میں بھارتی فوج میں کمیشنڈ ہوئے اور کیریئر کے دوران کئی عہدوں پر تعینات رہے۔