وزیر خزانہ کی ورچوئل صدارت میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں پیٹرولیم، توانائی اور غذائی تحفظ کے وزرا سمیت اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی اجازت دی جائے گی۔ اس فیصلے کے تحت پانچ سال سے کم پرانی گاڑیاں 30 جون 2026 تک درآمد کی جا سکیں گی، جس کے بعد گاڑیوں کی عمر کی حد ختم کر دی جائے گی۔
کمرشل درآمد شدہ گاڑیاں ماحولیاتی اور حفاظتی معیار پر پورا اترنا لازمی ہوں گی۔ پانچ سال سے کم پرانی گاڑیوں پر 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد ہوگی، جو 2026 سے ہر سال 10 فیصد کم کی جائے گی۔
مالی سال 2029-30 تک درآمدی ڈیوٹی بتدریج ختم کر دی جائے گی۔ اجلاس میں ای سی سی نے پی وی اے آر اے کے لیے 80 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری بھی دی۔