امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور امید ہے کہ خطے میں اب دیرپا امن قائم ہوگا۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ جنگ بندی معاہدے پر دستخط کے لیے مصر جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر، ترکیہ اور مصر نے غزہ جنگ بندی معاہدہ ممکن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا، جس پر وہ ان تمام ممالک کے شکر گزار ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اب تک سات جنگیں رکوا چکے ہیں اور یہ آٹھویں جنگ ہے جس کا خاتمہ ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی معاہدے پر دستخط مصر میں ہوں گے اور اس کے بعد غزہ کی تعمیرِ نو کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران پر حملہ اس معاہدے کو ممکن بنانے کے لیے ضروری تھا، تاہم اب ایران امن کے لیے کام کرنے پر آمادہ ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ تعاون کرے گا تاکہ خطے میں استحکام لایا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یرغمالیوں کی رہائی پیر یا منگل تک متوقع ہے جو اس امن عمل کا پہلا عملی نتیجہ ہوگی۔