پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے ملاگوری میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں مقامی مشران، عمائدین، نوجوانوں اور پولیس حکام نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی کا آغاز ماربل چوک سے ہوا اور شرکا نے پاک فوج اور پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔
ریلی میں ایس ایچ او تھانہ ملاگوری ریاض حسین آفریدی، ایڈیشنل ایس ایچ او بخت زادہ، ملک کفایت، حاجی جماعت میر، خالد محمد، حاجی شاہ پیر سمیت بڑی تعداد میں مقامی مشران، ملکان اور نوجوان شامل ہوئے۔ شرکاء نے ’نعرہ تکبیر، اللہ اکبر!‘، ’پاک فوج زندہ باد!‘ اور ’پاکستان زندہ باد!‘ کے نعروں سے ماحول کو گرمائے رکھا۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سماجی رہنما صوبیدار (ر) سبز علی ملاگوری نے کہا کہ ‘ہم اپنی سرزمین، قربانیوں اور عزت کے محافظ ہیں۔ جو عناصر دہشتگردی یا بیرونی ایجنڈے کو فروغ دیتے ہیں، ہم اُن کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔’انہوں نے مزید کہا کہ ‘پاکستان کی حفاظت ہماری اولین قومی و دینی ذمہ داری ہے، اور ہم اس مقصد کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔’
ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ وطنِ عزیز کے دفاع، سلامتی اور بقا کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
ملاگوری پاکستان کے خیبر پختونخوا صوبے میں واقع ہے اور یہ ضلع خیبر (پہلے قبائلی علاقہ جات، فاٹا) کا ایک حصہ ہے۔ ملاگوری خیبر تحصیل میں آتا ہے اور جمرود کے قریبی علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ یہ علاقہ پاک افغان سرحد کے قریب واقع ہے اور یہاں کی آبادی زیادہ تر ملاگوری قبیلے پر مشتمل ہے، جو پشتونوں کا ایک ذیلی قبیلہ ہے۔
یہ علاقہ جغرافیائی لحاظ سے پہاڑی ہے اور طورخم بارڈر کی طرف جانے والے راستے پر واقع ہے، جس کی اسٹریٹجک اہمیت بھی ہے۔ ریلی پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور اس نے یہ پیغام دیا کہ قوم اپنی افواج کے ساتھ ہے اور ہر قسم کی دہشتگردی و بیرونی سازشوں کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کرے گی۔