سیکیورٹی فورسز کا ضلع کرم میں آپریشن، بھارتی اسپانسرڈ 7 دہشتگرد ہلاک، کیپٹن سمیت چھ جوان شہید

سیکیورٹی فورسز کا ضلع کرم میں آپریشن، بھارتی اسپانسرڈ 7 دہشتگرد ہلاک، کیپٹن سمیت  چھ جوان شہید

سیکیورٹی فورسز نے ضلع کرّم کے عمومی علاقے دوگر میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس علاقے میں بھارتی پراکسی گروپ “فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے سات بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو ہلاک کر دیا۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے بہادر افسر کیپٹن نعمان سلیم (عمر 24 سال، ضلع میانوالی کے رہائشی) جامِ شہادت نوش کر گئے۔ کیپٹن نعمان سلیم بطور میڈیکل آفیسر خدمات انجام دے رہے تھے اور میڈیکل ڈیوٹی کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن نعمان سلیم کے ساتھ پانچ دیگر جوانوں نے بھی وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ شہید ہونے والے جوانوں میں حوالدار امجد علی (عمر 39 سال، ضلع صوابی کے رہائشی)، نائیک وقاص احمد (عمر 36 سال، ضلع راولپنڈی کے رہائشی)، سپاہی اعجاز علی (عمر 23 سال، ضلع شکارپور کے رہائشی)، سپاہی محمد ولید (عمر 23 سال، ضلع جہلم کے رہائشی) اور سپاہی محمد شہباز (عمر 32 سال، ضلع خیرپور کے رہائشی) شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دراندازی واقعات افغان حکومت کے دہشتگردی سے متعلق ارادوں پر سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں، آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے بعد علاقے میں صفائی (Sanitization) کا عمل جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ خارجی کو تلاش کر کے ختم کیا جا سکے۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور پاکستان کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپیکس کمیٹی کی منظور کردہ حکمتِ عملی “عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی انسدادِ دہشت گردی مہم بھرپور انداز میں جاری رکھیں گی تاکہ ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *