پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکیہ صدر پاکستان کیساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے، وزیر اعظم

پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکیہ صدر پاکستان کیساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے، وزیر اعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح ڈٹے رہے۔ انہوں نے یہ بات ترکیہ کے یومِ جمہوریہ کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیر اعظم نے ترکیہ کے عوام کو 102ویں یومِ جمہوریہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم ترکیہ کی قومی دن کی تقریب منانے کے لیے متحد ہیں، جبکہ اسلام آباد میں پاکستان اور ترکیہ کے پرچم ساتھ لہرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی ترقی اور خوشحالی کا سفر قابلِ فخر کامیابیوں سے عبارت ہے اور ہمارے دل ترک بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ بانیِ ترکیہ کمال اتاترک نے جدید ترکیہ کی بنیاد رکھی اور آج صدر رجب طیب ایردوان دنیا میں قیادت اور ترقی کی روشن مثال بن چکے ہیں۔ ان کے مطابق ترکیہ نے چند دہائیوں میں ترقی اور خوشحالی کے نمایاں سنگ میل عبور کیے ہیں، اور صدر ایردوان کی قیادت میں ترکیہ مسلسل نئی منازل طے کر رہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مذہبی، روحانی اور باہمی محبت کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور پاکستان ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات

شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کے موقع پر ہماری مسلح افواج نے بہادری کا مظاہرہ کیا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ اس دوران صدر رجب طیب ایردوان نے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو کر سچے بھائی چارے کی مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ چاہے جنگ ہو، تباہ کن زلزلہ یا سیلاب، ترکیہ ہمیشہ مدد کے لیے پیش پیش رہا۔ انہوں نے صدر ایردوان کی جانب سے غزہ کے عوام کے لیے مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور صدر ایردوان کا غزہ کے مظلوموں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے پر تہہ دل سے شکر گزار ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *