گوادر میں گزشتہ رات سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے بعد ایک زیرِ تعمیر مقام سے دہشتگردوں کے خاتمے کے بعد اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق یہ سامان اس مقام سے ملا جہاں گزشتہ شب دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا تھا اور انہیں جہنم واصل کر دیا گیا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں زیرِ تعمیر عمارت سے دہشتگردوں کی موجودگی کے شواہد اور دیگر اشیا برآمد ہوئیں۔ برآمد کیے گئے سامان کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سیکیورٹی اداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور ملک دشمن عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔