اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد اور راولپنڈی میں سرگرم ایک غیر ملکی منشیات فروش نیٹ ورک کے سرغنہ سمیت دو کارندوں کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق یہ نیٹ ورک تعلیمی اداروں کے طلبہ کو کوکین اور آئس (میتھ ایمفیٹامین) فراہم کرنے میں ملوث تھا۔
اے این ایف ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران نائجیرین منشیات نیٹ ورک کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 860 گرام کوکین کیپسولز، کوکین پیکٹس اور میتھ ایمفیٹامین برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ منشیات کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی بھی ضبط کر لی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد سمیت ملک بھر میں زلزلے کے جھٹکے،شہریوں میں خوف وہراس
حکام کا کہنا ہے کہ گروہ کا سرغنہ بھی حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد میں موجود اس نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
اے این ایف کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے “ڈرگ فری اسلام آباد” مہم پر بھرپور عملدرآمد جاری ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ حکام نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشی میں ملوث کسی بھی گروہ کو قانون کی گرفت سے نہیں بچنے دیا جائے گا۔

