وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہر اس میلی آنکھ کو مٹا دیا جائے گا جو پاکستان کی طرف اٹھے گی‘۔ انہوں نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ریاست اپنی خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بنوں میں ہونے والے دہشتگرد حملے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل گلفراز اور سپاہی کرامت شہید ہوئے تھے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس حملے کے تانے بانے بھی دیگر حالیہ کارروائیوں کی طرح افغانستان سے ملے تھے۔ شہداء کی نماز جنازہ پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی جبکہ ملک بھر میں افسوس اور غم کی فضا دیکھی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:’اب کوئی رعایت نہیں‘، دہشتگرد جہاں بھی ہوں گے نشانہ بنیں گے، آئی ایس پی آر کا دوٹوک اعلان
وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حالیہ خودکش حملوں میں افغانستان میں موجود دہشتگرد قیادت اور ان کے سہولت کار ملوث ہیں۔ بیان کے مطابق دہشتگردوں نے حالیہ دنوں میں اسلام آباد کی ایک امام بارگاہ، باجوڑ اور بنوں میں کارروائیاں کیں جن کی ذمہ داری افغانستان میں موجود عناصر نے قبول کی۔
ملک پاکستان کے ایک ایک کونے ایک ایک انچ کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا ، ہر اس میلی آنکھ کو مٹا دیا جائے گا جو ریاست پاکستان کی طرف اٹھے گی ، افغانستان میں موجود فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے کامیابی سے نشانہ بنایا
پاکستان ہمیشہ زندہ باد pic.twitter.com/1urLgsQ4dv
— Dr. Tariq Fazal Ch. (@DrTariqFazal) February 22, 2026

