بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ چار دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں بھارت کی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جو اس علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں سرگرم رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے قومی ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بلاامتیاز انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔