دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری،پاکستان کا کتنا نمبر ہے؟

دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری،پاکستان کا کتنا نمبر ہے؟

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے سال 2026 کے لیے دنیا بھر کے طاقتور اور کمزور پاسپورٹس کی تازہ درجہ بندی جاری کر دی ہے،رواں برس کی فہرست میں ایشیائی ممالک نے واضح برتری حاصل کی ہے۔سنگاپور مسلسل اپنی مضبوط پوزیشن برقرار رکھتے ہوئے پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔

سنگاپور کے شہری دنیا کے 227 میں سے 192 ممالک اور خطوں میں بغیر پیشگی ویزا یا ویزا آن ارائیول کے سفر کی سہولت رکھتے ہیں جس کی بنیاد پر اسے دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔دوسرے نمبر پر جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر موجود ہیں جن کے پاسپورٹس پر 188 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہےتیسرے نمبر پر یورپ کے پانچ ممالک شامل ہیں جن میں ڈنمارک، لکسمبرگ، اسپین، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ نمایاں ہیں۔

ان ممالک کے شہری 186 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں، چوتھے نمبر پربھی یورپ ہی کے 10 ممالک مشترکہ طور پر موجود ہیں جن میں جرمنی، فرانس، اٹلی اور نیدرلینڈز جیسے بڑے نام شامل ہیں ان پاسپورٹس کے ذریعے 185 ممالک میں ویزا فری یا آسان رسائی ممکن ہے۔

یہ بھی پڑھیں :دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ کس ملک کا ہے، تفصیلات سامنے آگئیں

متحدہ عرب امارات نے اس فہرست میں نمایاں ترقی کی ہے اور پانچویں نمبر پر پہنچ گیا ہے،رپورٹ کے مطابق 2006 کے بعد یو اے ای نے 149 نئی ویزا فری منزلیں حاصل کیں اور مجموعی طور پر 57 درجوں کی بہتری کے ساتھ اوپر آیا جو کسی بھی ملک کی سب سے بڑی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

دوسری جانب برطانیہ کو گزشتہ ایک سال کے دوران نمایاں نقصان اٹھانا پڑا ہے اور اب وہ 182 ممالک میں ویزا فری رسائی کے ساتھ ساتویں نمبر پر آ چکا ہے،امریکا بھی مسلسل تنزلی کا شکار ہے اور اس سال دسویں نمبر پر موجود ہے، جہاں سے اس کے شہری 179 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔

فہرست کے نچلے حصے میں افغانستان سب سے آخر میں 101 ویں نمبر پر ہے، جس کے پاسپورٹ پر صرف 24 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہے،اس کے بعد شام 100 ویں اور عراق 99 ویں نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان یمن کے ساتھ مشترکہ طور پر 98 ویں نمبر پر موجود ہے ۔

editor

Related Articles