بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے انڈر 19 ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناکامی کی ذمہ داری آئی سی سی کے شیڈول اور غیر منصفانہ رویے پر ڈال دی ہے،بنگلا دیش میڈیا کے مطابق بی سی بی نے انکشاف کیا کہ ٹیم نے ورلڈ کپ کے دوران اپنے ذاتی خرچ پر سفر کیا تاکہ میچز میں شرکت ممکن ہو سکے۔
بی سی بی کے گیم ڈویلپمنٹ کوآرڈینیٹر حبیب البشر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ اور بھارت کے خلاف ٹیم کی پرفارمنس میں کمی کی بڑی وجہ غیر مناسب شیڈول اور سفری دباؤ تھا۔
حبیب البشر نے کہاکہ ابتدائی شیڈول کے مطابق بنگلا دیش ٹیم کو وارم اپ میچز ماسونگو میں کھیلنے تھے جس کے بعد بولاوایو جانا تھا، لیکن آئی سی سی نے اچانک شیڈول تبدیل کر دیا اور میچز کو دو مختلف وینیوز پر منتقل کر دیا، جس سے ٹیم کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم نے آئی سی سی سے میچز کو تبدیل کرنے کی درخواست کی تاکہ سفری دباؤ کم ہو سکے، لیکن ان کی بات نہیں سنی گئی۔
اس دوران ٹیم کو 6 جنوری کو زمبابوے روانہ ہونا پڑا جہاں 10 اور 13 جنوری کو دو مختلف وینیوز پر وارم اپ میچز کھیلنے تھے۔ ٹیم کو دونوں وینیوز کے درمیان تقریباً 4 گھنٹے سڑک کے ذریعے سفر کرنا پڑا، جبکہ مون سون کے موسم میں ہرارے سے بولاوایو کا 9 گھنٹے کا سڑک سفر بھی کرنا پڑا۔.
بی سی بی کے مطابق آئی سی سی نے دوران ورلڈ کپ ڈومیسٹک فلائٹس پر پابندی لگا دی تھی، جس کی وجہ سے ٹیموں کو بسوں کے ذریعے سفر کرنا پڑابنگلا دیش ٹیم کی سہولت کے لیے بی سی بی نے نیوزی لینڈ اور بھارت کے خلاف میچ کے لیے ہوائی جہاز کی خصوصی فلائٹس اپنے خرچ پر ارینج کیں تاکہ کھلاڑیوں کو تھکاوٹ سے بچایا جا سکے۔واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف شکست کے بعد بنگلا دیش انڈر 19 ٹیم ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی۔ اس معاملے نے بنگلا دیش کرکٹ میں ہنگامہ کھڑا کیا ہے۔