برطانیہ کے شہر مانچسٹر سے تعلق رکھنے والے 2 سالہ جوڈی اوئنز نے اسنوکر کی دنیا میں اپنی شاندار صلاحیتوں سے حیرت انگیز کارنامہ سرانجام دیا ہے، جوڈی نے نہ صرف اسنوکر کے مشکل شاٹس مکمل کر کے اپنی مہارت ثابت کی بلکہ دو گنیز ورلڈ ریکارڈز بھی اپنے نام کر لیے ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جوڈی نے 12 اکتوبر 2025 کو پول بینک شاٹ کامیابی سے مکمل کیا جس وقت اس کی عمر صرف 2 سال اور 302 دن تھی۔
اس سے قبل، 2 سال اور 261 دن کی عمر میں جوڈی نے اسنوکر ڈبل پوٹ مکمل کر کے پہلے ریکارڈ کا اعزاز حاصل کر لیا تھا ان شاندار کامیابیوں کے بعد جوڈی اوئنز کو گنیز ورلڈ ریکارڈز میں “اسنوکر کی ان شاٹس مکمل کرنے والا کم عمر ترین فرد” قرار دیا گیا۔
جوڈی کے والد لیوک اوئنز کا کہنا ہے کہ انہوں نے سب سے پہلے اپنے بیٹے کی اسنوکر کے لیے فطری صلاحیت گھر میں دیکھی، لیوک نے کہا جب اس نے چھڑی کو اپنی انگلیوں سے پکڑ کر کھیلنا شروع کیا تو مجھے احساس ہوا کہ اس میں خاص صلاحیت ہے۔
والدین نے یہ بھی بتایا کہ اسٹول کے ذریعے جوڈی آسانی سے اسنوکر ٹیبل تک پہنچ کر کھیلتا ہے اور اس کی فطری مہارت نے ہر دیکھنے والے کو حیران کر دیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے عملے نے جوڈی کی صلاحیت کا براہِ راست مشاہدہ 2025 یوکے چیمپئن شپ کے موقع پر کیا اور اس کے بعد اسے باضابطہ طور پر ریکارڈ ہولڈر کے طور پر تسلیم کیا۔
اس تاریخی کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ عمر کبھی بھی شوق اور صلاحیت کے لیے رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ جوڈی اوئنز کی یہ کارکردگی نہ صرف اس کے خاندان بلکہ پورے برطانیہ میں لوگوں کے لیے حیرت اور فخر کا باعث بنی ہے۔