حکومت نے نئے سال کے آغاز پر عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔
پیٹرول فی لیٹر 10.28 روپے سستا ہو کر 253.17 روپے ہو گیا، جبکہ ڈیزل 8.57 روپے کم ہو کر 257.08 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے، حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر سیلز ٹیکس معطل کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے، تاہم دیگر لیویز اور مارجنز برقرار رکھے گئے ہیں۔
پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 79.62 روپے اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی 2.50 روپے فی لیٹر وصول کی جا رہی ہے، ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی 75.41 روپے اور آئل مارکیٹنگ مارجن 7.87 روپے فی لیٹر برقرار ہے۔
پیٹرول پر ان لینڈ فریٹ مارجن 81 پیسے کے اضافے کے بعد 8.97 روپے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے، اسی طرح پیٹرول پر ڈیلرز مارجن 8.64 روپے فی لیٹر برقرار ہے اور آئل مارکیٹنگ مارجن اور دیگر اضافی فیسز میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جس کا مقصد قیمتوں میں کمی کے باوجود سیکٹر کے استحکام کو یقینی بنانا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ سیلز ٹیکس کی معطلی سے عوام کو فوری ریلیف حاصل ہوگا، جبکہ پیٹرولیم لیویز اور کلائمیٹ سپورٹ جیسے دیگر ٹیکس برقرار رہیں گے تاکہ توانائی کے شعبے میں مالی توازن قائم رہے۔
وزارت خزانہ کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام عام صارفین کے لیے بوجھ کم کرنے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
توانائی کے ماہرین کاکہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل پر سیلز ٹیکس معطل کرنا عوام کے روزمرہ اخراجات میں واضح کمی لائے گا اور ٹرانسپورٹ و نقل و حمل کے شعبے پر مثبت اثر ڈالے گا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ قیمتوں میں کمی کاروباری سرگرمیوں اور درآمدات پر بھی مددگار ثابت ہوگی ، عوام نے حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے اسے نئے سال کی خوشخبری قرار دیا ہے۔