کراچی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اتوار کو ہونے والے جلسے کے پیشِ نظر ٹریفک مفلوج ہوکررہ گئی ہے جس کے سبب شہری اذیت میں مبتلا ہیں ۔
باغ جناح کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ شاہراہ قائدین اور خداداد سگنل سے جلسہ گاہ جانے والے تمام اہم راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
چند دن قبل پی ٹی آئی نے لاہور میں بھی ایسا ہی کیا تھا جس کے باعث وہاں کے شہری کچھ دن اذیت میں مبتلا رہے اب کراچی میں وزیر اعلیٰ سہیل آفرید ی کی آمد اور متوقع جلسے کے باعث شہریوں کا سکون غارت ہوگیا ۔
کے پی کے شہریوں نے اس حوالے سے کہا کہ صوبہ دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے عوام مسائل میں گھرے ہوئے ہیں اور وزیر اعلیٰ سپر سپاٹوں میں مصروف ہیں ۔
امن وامان برقرار رکھنے اور پی ٹی آئی کے انتشاریوں سے بچنے کیلئے ہائی وے حیدرآباد سے کراچی آنے والا ٹریک بھی بند کیا گیا ہےوزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی آمد کے موقع پر ٹریفک شدید متاثر ہوئی، جس کی وجہ سے قافلے کی گاڑیوں کے علاوہ عام شہری، مسافر بسیں اور گڈز ٹرانسپورٹر اپنی گاڑیوں میں پھنس گئے۔
شہریوں اور مسافروں کو لمبے وقت تک ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا، اور کئی لوگ اپنی منزل تک پہنچنے میں تاخیر کا شکار ہوئے۔
پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز نے باغ جناح کے داخلی اور خارجی راستوں پر تعیناتی بڑھا دی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ممکنہ ٹریفک جام سے بچنے کے لیے متبادل راستے استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔