دنیا کے سب سے بڑے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے حالیہ برسوں کی ایک بڑی اور اہم اپ ڈیٹ متعارف کروا دی ہے، جس کا مقصد صارفین کے لیے مطلوبہ مواد کی تلاش کو مزید آسان اور مؤثر بنانا ہے۔
یوٹیوب کی جانب سے سرچ فلٹرز کو مکمل طور پر ری ڈیزائن کیا گیا ہے جسے مرحلہ وار یوٹیوب ویب سائٹ اور موبائل ایپ پر متعارف کرایا جا رہا ہے،کمپنی کے مطابق اس نئی تبدیلی سے صارفین سرچ رزلٹس کو اپنی ضرورت کے مطابق بہتر انداز میں فلٹر کر سکیں گے۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اب سرچ میں شارٹس ویڈیوز کے لیے الگ اور مخصوص فلٹرز شامل کر دیے گئے ہیں جس کے ذریعے صارفین یہ فیصلہ کر سکتے ہیں کہ وہ صرف شارٹس ویڈیوز دیکھنا چاہتے ہیں یا طویل دورانیے کی ویڈیوز، چینلز، پلے لسٹس یا فلموں تک محدود رہنا چاہتے ہیں۔
اس سے قبل یوٹیوب سرچ رزلٹس میں شارٹس اور طویل ویڈیوز ایک ساتھ دکھائی جاتی تھیںجس کی وجہ سے کئی صارفین کو اپنی پسند کا مواد تلاش کرنے میں مشکلات پیش آتی تھیں۔
نئی اپ ڈیٹ کے بعد صارفین شارٹس ویڈیوز کو سرچ رزلٹس سے مکمل طور پر ہٹا بھی سکیں گے یا صرف مختصر ویڈیوز کی تلاش کا انتخاب کر سکیں گے،اس طرح وہ صارفین جو شارٹس میں دلچسپی نہیں رکھتے، آسانی سے طویل اور تفصیلی ویڈیوز تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
یوٹیوب نے صرف شارٹس ہی نہیں بلکہ دیگر سرچ کیٹیگریز کو بھی بہتر بنایا ہے، ویڈیو دورانیے کے فلٹر میں اب “انڈر 4 منٹ” کا نیا آپشن شامل کیا جا رہا ہے جبکہ مڈ رینج دورانیے کے لیے بھی الگ بریکٹ متعارف کروائی جا رہی ہے، تاکہ صارفین اپنی مرضی کے مطابق ویڈیوز منتخب کر سکیں۔
اسی طرح سرچ رزلٹس کو ترتیب دینے کے آپشن میں بھی تبدیلی کی گئی ہےویو کاؤنٹ کی بنیاد پر ترتیب دینے کے آپشن کو اب “پاپولیرٹی” سے تبدیل کیا جا رہا ہے، جس میں صرف ویوز ہی نہیں بلکہ واچ ٹائم کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔
یوٹیوب کے مطابق اس اقدام سے معیاری اور زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیوز کو بہتر انداز میں نمایاں کیا جا سکے گاتاہم اس اپ ڈیٹ کے تحت “لاسٹ آور” اور “سارٹ بائی ریٹنگ” جیسے فلٹرز کو پلیٹ فارم سے ختم کیا جا رہا ہے۔