پاکستانی شہریوں کو ایران کے غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

پاکستانی شہریوں کو ایران کے غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

پاکستان نے ایران میں مہنگائی کے خلاف جاری احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر اپنے شہریوں کو ایران کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ حالات میں بہتری آنے تک پاکستانی شہری ایران کا غیر ضروری سفر نہ کریں تاکہ وہ کسی بھی ممکنہ خطرناک صورتحال سے محفوظ رہ سکیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایران میں مقیم پاکستانی شہریوں کو بھی انتہائی احتیاط برتنے، غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور سفارتی مشنز سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ایران آزادی کی طرف دیکھ رہا ہے ،ہم مظاہرین کی مدد کیلئے تیار ہیں،ٹرمپ

اس ضمن میں پاکستانی سفارتخانے نے شہریوں کی سہولت کے لیے کرائسس مینجمنٹ یونٹ قائم کر دیا ہے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد اور رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

ایران میں جاری مظاہرے تیرہویں روز میں داخل ہو چکے ہیں، اور مختلف شہروں میں پُرتشدد واقعات جاری ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اب تک 15 سکیورٹی اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر 65 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔

ایرانی حکام نے مظاہروں کے دوران سیکورٹی فورسز کو حرکت میں لایا اور متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ مقامی قوانین اور حکومتی ہدایات کی پابندی کریں اور کسی بھی خطرناک علاقے میں جانے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی مشنز کی جانب سے فراہم کی جانے والی معلومات اور ہدایات کو ترجیح دینا شہریوں کی سلامتی کے لیے نہایت ضروری ہے۔

پاکستانی حکومت کی جانب سے یہ قدم بیرون ملک مقیم شہریوں کی حفاظت اور ان کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ دفتر خارجہ کی ہدایات کے مطابق شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سفارتی مشنز سے رابطے میں رہیں اور حالات کے حوالے سے اپ ڈیٹس حاصل کرتے رہیں تاکہ ایران میں موجود پاکستانی شہری کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچ سکیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *