وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے واضح اور سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی بھی سڑک پر غیرقانونی جلسہ یا احتجاج کیا گیا تو سندھ حکومت بلا امتیاز سخت کارروائی کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرنے اور ریاستی رِٹ کو چیلنج کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی ایک بیان میں وزیر داخلہ سندھ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو جلسےسے متعلق واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے پی ٹی آئی کو باغِ جناح میں جلسہ کرنے کی اجازت دے دی ہے، اس لیے پارٹی کو چاہیے کہ وہ صرف اسی مقام پر اپنا جلسہ منعقد کرے۔
انہوں نے کہا کہ جس جگہ انتظامیہ کی جانب سے اجازت دی گئی ہو، وہیں جلسہ کرنا قانونی تقاضا ہے اور اس سے ہٹ کر کسی اقدام کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ضیا الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت جمہوری حقِ احتجاج پر یقین رکھتی ہے، تاہم اس حق کے ساتھ ذمہ داری بھی لازم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سڑکوں کو بند کرنا، ٹریفک میں خلل ڈالنا اور عوام کو مشکلات میں ڈالنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
ایسے اقدامات نہ صرف قانون شکنی کے زمرے میں آتے ہیں بلکہ امن و امان کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں وزیر داخلہ سندھ نے مزید کہا کہ حکومت نے جہاں پی ٹی آئی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو جلسوں کی اجازت دی ہے، وہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی مکمل ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ کسی بھی غیرقانونی سرگرمی سے سختی سے نمٹا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی رِٹ پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور قانون سب کے لیے یکساں ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں بھی سندھ حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بروقت اقدامات کیے ہیں اور آئندہ بھی کسی دباؤ کے بغیر قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔