واٹس ایپ صارفین کے لیے تشویشناک خبر

واٹس ایپ صارفین کے لیے تشویشناک خبر

 

واٹس ایپ صارفین کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے، کیونکہ اکاؤنٹس ہائی جیک کرنے کی وارداتوں میں نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے۔

کابینہ ڈویژن کے تحت نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے اس حوالے سے ایک تفصیلی ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس میں ’واٹس ایپ ہائی جیک مہم 2026‘ سے خبردار کرتے ہوئے صارفین کو سائبر خطرات کے خلاف انتہائی چوکس رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:واٹس ایپ صارفین کیلئے بڑی خبر ، نیا اور دلچسپ فیچر متعارف

ایڈوائزری کے مطابق ہیکرز واٹس ایپ صارفین کے اکاؤنٹس تک غیرمجاز رسائی حاصل کرنے کے لیے سرگرم ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر کیسز ’او ٹی پی‘ فراڈ اسکیمنگ سے جڑے ہوئے ہیں۔ ہیکرز جعلی پیغامات، کالز یا ایس ایم ایس کے ذریعے صارفین سے 6 ہندسوں پر مشتمل ویری فکیشن کوڈ حاصل کر لیتے ہیں، جس کے بعد اکاؤنٹ پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا جاتا ہے۔

نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے خبردار کیا ہے کہ غیرمجاز رسائی کی صورت میں صارفین کا ذاتی ڈیٹا چرایا جا سکتا ہے۔ اکاؤنٹ ہائی جیک ہونے کے بعد حملہ آور صارف کی کنٹیکٹ لسٹ تک رسائی حاصل کر لیتے ہیں اور متاثرہ صارف کے جاننے والوں کو پیغامات بھیج کر پیسے منگوانے جیسے فراڈ میں استعمال کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں:واٹس ایپ چیٹس میں نئی دلچسپ، منفرد اور اہم اپ ڈیٹس متعارف

ایڈوائزری میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہیکرز میڈیا فائلز، چیٹ ہسٹری اور ذاتی کمیونیکیشن تک بھی رسائی حاصل کر سکتے ہیں، جس سے صارفین کی پرائیویسی کو شدید خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔

حکام نے واٹس ایپ صارفین کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ 6 ہندسوں کا ایس ایم ایس ویری فکیشن کوڈ کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں، ٹو اسٹیپ ویری فکیشن پن کسی کو نہ بتائیں اور وائس کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے موصول ہونے والے کسی بھی کوڈ کو ہرگز شیئر نہ کیا جائے۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ہی ایسے فراڈ سے بچا جا سکتا ہے، جبکہ کسی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں اور واٹس ایپ سپورٹ کو اطلاع دینا نہایت ضروری ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *