محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں کے دوران ملک میں موسم سرد رہے گا اور بعض علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان بھی موجود ہے اور شہریوں کو سرد موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کی توقع ہے جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر بارش اور برفباری ہو سکتی ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
ساحلی علاقوں جیسے جیوانی، پسنی اور اورماڑہ کے علاوہ کیچ اور تربت میں بھی کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی، مری، گلیات اور پوٹھوہار ریجن میں شدید سردی کے ساتھ برفباری ہو سکتی ہے، اور عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ 16 سے 18 جنوری کے دوران ملک میں مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ داخل ہوگا، جس کے باعث شہری علاقوں میں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک کم ہو سکتا ہے۔
بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں شدید سرد موسم کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تاہم، محکمہ موسمیات نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی “شدید اور تاریخی سردی” کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
ڈی جی میٹ عرفان ورک کا کہنا ہے کہ 16 سے 25 جنوری کے دوران کسی غیر معمولی یا ریکارڈ توڑ سرد لہر کا امکان نہیں، تاہم سردی کی شدت رواں ہفتے برقرار رہے گی۔
عرفان ورک نے کہا کہ میدانی علاقوں میں دھند اور سردی کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جبکہ مغربی علاقوں میں بارش کے بعد اسموگ اور دھند کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں سے موسم کی تازہ ترین صورتحال پر نظر رکھنے اور احتیاطی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔