بنوں میں بھتہ نہ ملنے پر فتنہ الخوارج کا مقامی ٹھیکیدار کے کیمپ پر حملہ، کروڑوں روپے کی مشینری نذرِ آتش کردی

بنوں میں بھتہ نہ ملنے پر فتنہ الخوارج کا مقامی ٹھیکیدار کے کیمپ پر حملہ، کروڑوں روپے کی مشینری نذرِ آتش کردی

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں فتنہ الخوارج نے بھتہ نہ ملنے پر ایک اور بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے سرکاری ترقیاتی منصوبے پر کام کرنے والی نجی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کر دیا۔ واقعہ دوا منزی کے مقام پر زیرِ تعمیر سرکلر روڈ منصوبے کے قریب پیش آیا، جہاں مسلح عناصر نے ٹھیکہ دار کی کروڑوں روپے مالیت کی مشینری کو آگ لگا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا۔

ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج نے متعلقہ نجی کمپنی سے بھتہ طلب کیا تھا، تاہم مطالبہ پورا نہ ہونے پر انتقامی کارروائی کے طور پر گزشتہ شب 20 سے 25 مسلح افراد کیمپ میں داخل ہوئے۔ حملہ آوروں نے مرحلہ وار کرین، ڈمپر، ایکسکیویٹر، واٹر ٹینکر، جنریٹر، رولر، لوڈر، سولر پلانٹ، ٹریکٹر، ڈیزل ڈرم، کرننگ کمپاؤنڈ ڈرم اور ویلڈنگ پلانٹ کو نذرِ آتش کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:لکی مروت تختی خیل میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، انتہائی مطلوب کمانڈر نصرت اللہ سمیت 7 فتنہ الخوارج ہلاک

واقعے کے وقت کیمپ میں موجود تمام مزدور محفوظ رہے، کیونکہ کارروائی رات گئے کی گئی، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق مالی نقصان کروڑوں روپے تک پہنچنے کا خدشہ ہے، جس کا حتمی تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی ادارے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حملہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ فتنہ الخوارج نہ صرف ریاستِ پاکستان بلکہ عام شہریوں، مزدوروں اور علاقے میں جاری ترقیاتی عمل کے بھی کھلے دشمن ہیں۔

علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھتہ خوری، دھمکیوں اور خوف و ہراس کے ذریعے معاشرے کو یرغمال بنانے کی یہ روش مکمل طور پر مجرمانہ اور غیر اسلامی ہے۔ عوامی نمائندوں کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر کا مقصد علاقے میں ترقی روکنا، روزگار کے مواقع ختم کرنا اور امن کی فضا کو سبوتاژ کرنا ہے۔

مزید پڑھیں:خیبر پختونخوا میں سیکورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیاں، بھارتی فتنہ الخوارج کے 9دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی حکام نے واضح کیا کہ اس نوعیت کی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کے سیکیورٹی اداروں اور عوام کے عزم و حوصلے کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک ان کے خلاف کارروائیاں پوری قوت، پیشہ ورانہ مہارت اور تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی، تاکہ علاقے میں امن، ترقی اور عوام کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *