مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ پاکستان میں داخل، بارشوں اور برفباری کا سلسلہ کب شروع ہورہاہے؟، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ پاکستان میں داخل، بارشوں اور برفباری کا سلسلہ کب شروع ہورہاہے؟، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

ملک بھر میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ لے لی ہے، مغربی ہواؤں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہو چکا ہے جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں، گرج چمک اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں آئندہ چند روز کے دوران بارش متوقع ہے، جس سے موسم سرد اور خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نیا موسمی سسٹم داخل، سخت سردی، بارش اور برفباری کی پیشگوئی آگئی

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مری، گلیات، چترال، دیر، سوات اور کالام میں شدید برفباری کی توقع ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث سیاحوں اور مقامی افراد کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان میں آئندہ ہفتے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 19 جنوری کو مغربی ہواؤں کا ایک نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگا، جس کے زیر اثر کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین اور قلعہ عبداللہ میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ موسمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سسٹم کے باعث بلوچستان کے سرد علاقوں میں موسم مزید سخت ہو جائے گا۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق 21 سے 23 جنوری کے دوران کوئٹہ اور زیارت میں برفباری کا امکان ہے، جبکہ شمالی اور وسطی بلوچستان میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ ژوب، ہرنائی، لورالائی اور قلعہ سیف اللہ میں سڑکوں پر پھسلن کا خدشہ ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ اسی طرح خضدار، پنجگور، کیچ، گوادر اور لسبیلہ میں بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:کیا اسکولوں میں موسمِ سرما کی چھٹیوں میں مزید توسیع کی جا رہی ہے؟، اہم فیصلہ متوقع

محکمہ موسمیات کے مطابق 19 جنوری تک گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ ہلکی سے درمیانی برفباری کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ اور روزمرہ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 18 سے 20 جنوری کے دوران مری، گلیات اور گرد و نواح میں بارش اور برفباری متوقع ہے، جبکہ 20 سے 23 جنوری کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد، مری، گلیات، خطہ پوٹھوہار، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن کے اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح خیبرپختونخوا کے پشاور، ہزارہ، مالاکنڈ، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے اضلاع میں اکثر مقامات پر وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں، مسافروں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

Related Articles