لکی مروت کے علاقے تختی خیل میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران ایک بڑے آپریشن میں انتہائی مطلوب دہشت گرد سمیت فتنہ الخوارج کے سات شرپسند عناصر کو ہلاک کر دیا۔ پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جس کا مقصد علاقے میں دہشت گرد عناصر کی موجودگی کا خاتمہ کرنا تھا۔
پولیس کے مطابق مشترکہ آپریشن کی براہ راست نگرانی ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) بنوں سجاد خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نذیر خان نے کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر حکمت عملی کے تحت دہشت گردوں کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں فتنہ الخوارج کا کمانڈر نصرت اللہ بھی شامل ہے، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔ پولیس کے مطابق کمانڈر نصرت اللہ کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر تھی اور وہ پولیس کو 28 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ حکام کے مطابق نصرت اللہ مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا اور سیکیورٹی فورسز کے لیے ایک بڑا چیلنج سمجھا جاتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد جدید اور بھاری ہتھیاروں سے مسلح تھے۔ تاہم پولیس اور سی ٹی ڈی کی بھرپور اور پیشہ ورانہ کارروائی کے نتیجے میں چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، جبکہ متعدد دہشت گرد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زخمی دہشت گردوں کے ممکنہ طور پر قریبی علاقوں میں فرار ہونے کے خدشے کے پیش نظر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔