پی ایس ایل کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ، ڈرافٹ سسٹم ختم

پی ایس ایل کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ، ڈرافٹ سسٹم ختم

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے انتظامی ڈھانچے میں اہم اور تاریخی تبدیلیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت کھلاڑیوں کی سلیکشن کا روایتی ڈرافٹ سسٹم ختم کرتے ہوئے آکشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس فیصلے کا مقصد لیگ کو مزید مسابقتی، شفاف اور مالی طور پر مضبوط بنانا ہے۔

پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق نئے آکشن سسٹم کے تحت ٹیمیں زیادہ متوازن بن سکیں گی جبکہ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق بہتر مالی معاوضہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا، اسی سلسلے میں لیگ سے مینٹورز، برانڈ ایمبیسڈر اور رائٹ ٹو میچ جیسے قوانین کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11 میں پلیئرز آکشن متعارف کرانے کا فیصلہ، ری ٹینشن فارمولہ بھی طے

انتظامیہ نے بتایا کہ لیگ میں شامل ہونے والی دونوں نئی ٹیموں کو آکشن سے قبل چار، چار کھلاڑی منتخب کرنے کی خصوصی اجازت دی جائے گی تاکہ وہ اپنی ٹیم کی بنیاد مضبوط کر سکیں، یہ سہولت صرف نئی فرنچائزز کو دی جائے گی۔

نئے انتظامی فریم ورک کے تحت ہر فرنچائز کو ایک بین الاقوامی کھلاڑی کو ڈائریکٹ سائن کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے، تاہم اس کے لیے شرط عائد کی گئی ہے کہ وہ کھلاڑی پی ایس ایل کے 2025 ایڈیشن کا حصہ نہ رہا ہو، اس اقدام کا مقصد نئے اور بڑے ناموں کو لیگ میں شامل کرنا ہے۔

آکشن کے دوران استعمال کے لیے ہر ٹیم کا سیلری کیپ سولہ لاکھ ڈالرز مقرر کیا گیا ہے، جس کے تحت فرنچائزز کھلاڑیوں پر بولی لگا سکیں گی، آکشن سے قبل ہر فرنچائز کو مجموعی طور پر چار کھلاڑی ریٹین کرنے کی اجازت ہوگی مگر ہر کیٹیگری میں زیادہ سے زیادہ ایک ہی کھلاڑی رکھا جا سکے گا۔

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات سے لیگ کی عالمی سطح پر ساکھ میں اضافہ ہوگا اور پی ایس ایل دیگر بڑی کرکٹ لیگز کے ہم پلہ ہو سکے گی، شائقین کو زیادہ سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے جبکہ کھلاڑیوں کو معاشی طور پر فائدہ پہنچے گا۔

مزید پڑھیں:پی ایس ایل 11 کا 26 مارچ سے آغاز، فرنچائزز کو اوپن آکشن فارمولہ اپنانے کی تجویز

ایچ بی ایل پی ایس ایل کا گیارہواں ایڈیشن 26 مارچ سے شروع ہوگا، لیگ کے میچز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی کے ساتھ ساتھ فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں بھی کھیلے جائیں گے، فیصل آباد میں طویل عرصے بعد پی ایس ایل میچز کی میزبانی کو شائقین کرکٹ کے لیے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *