ملک کے مختلف حصوں میں موسم سے متعلق اہم صورتحال سامنے آئی ہے، جہاں بعض علاقوں میں بارش اور برفباری جبکہ کئی شہروں میں سردی اور دھند رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم سرد رہے گا اور آسمان پر جزوی طور پر بادل چھائے رہنے کی توقع ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی سرد موسم کے ساتھ مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، اسی طرح مری، گلیات اور ان کے گرد و نواح میں بھی بادلوں کی آمد و رفت متوقع ہے جبکہ خطہ پوٹھوہار میں بھی موسم کی یہی کیفیت برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند شہریوں کے لیے مشکلات کا سبب بن سکتی ہے، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور، ساہیوال، خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور میانوالی میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
اسی طرح لیہ، بھکر، نورپور تھل، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، شورکوٹ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان کے بیشتر علاقوں میں بھی دھند متوقع ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب آزاد کشمیر اور بلوچستان کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ کل سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔