ضلع کیچ، مکران رینج کے علاقے جسک کراس کے قریب سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم بی ایل اے کے دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ کاروائی کے دوران فورسز کا کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں کو بالچہ، تحصیل تمپ سے تعلق رکھنے والی مشتبہ خاتون نرگس کی کالعدم تنظیم بی ایل اے کے دہشت گردوں کے ساتھ نقل و حرکت سے متعلق اطلاع موصول ہوئی تھی، جس کے بعد مشتبہ سلور رنگ کی کرولہ گاڑی کو روکنے کے لیے علاقے میں وسیع پیمانے پر ناکے اور اسنیپ چیکنگ شروع کی گئی۔
اطلاعات کے مطابق شام 6 بج کر 55 منٹ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جسک بارڈر کے قریب چیک پوسٹ قائم کی گئی، جہاں مشتبہ سلور کرولہ گاڑی نے چیک پوسٹ سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے راستہ تبدیل کیا۔ اس صورتحال کی اطلاع فوری طور پر سنگھانیزار میں گشت پر موجود قریبی کوئیک ری ایکشن فورس (QRF) کو دی گئی۔
کوئیک ری ایکشن فورس نے مشتبہ گاڑی کا تعاقب کیا، جس دوران جسک کراس کے قریب گاڑی میں سوار دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ سیکیورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دو دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت سلیم کے نام سے ہوئی ہے، جو گزشتہ دو برس سے مطلوب تھا اور متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔ دوسرے ہلاک دہشت گرد کی شناخت کا عمل جاری ہے، تاہم سر میں گولی لگنے کے باعث اس میں وقت لگ سکتا ہے۔
واقعے کے بعد کوئیک ری ایکشن فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ مشتبہ گاڑی کی کلیئرنس کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔ گاڑی سے اسلحہ، آلات اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔