بلوچستان کے ضلع کیچ میں مسلح افراد کی جانب سے خاتون کو زبردستی اغوا کرنے کا سنگین واقعہ سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعہ آج شام تقریباً 4:30 سے 4:45 کے درمیان بالچہ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک کرولا گاڑی ایک خاتون نرگس کے گھر کے سامنے آ کر رکی۔ اطلاعات کے مطابق بی ایل کے دہشت گردوں نے خاتون کو گاڑی میں ڈالا اور وہاں سے فرار ہو گئے۔
واقعے کے فوراً بعد خاتون کے شوہر اور بھتیجے نے گاڑی کا تعاقب کیا اور ناصر آباد شہر کے قریب اسے روکنے میں کامیاب ہو گئے۔ اس موقع پر گاڑی سے ایک مسلح شخص نکلا، جس کے ہاتھ میں کلاشنکوف تھی۔ خاتون کے شوہر نے مزاحمت کرتے ہوئے کہا کہ خاتون اس کی بیوی ہے اور اسے زبردستی لے جایا جا رہا ہے۔
اسی دوران عقب سے دو موٹر سائیکلیں موقع پر پہنچیں، جن پر کالعدم بی ایل اے کے جھنڈے لگے ہوئے تھے۔ موٹر سائیکل سوار افراد نے خاتون کے شوہر کے ساتھ ہاتھا پائی کی، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور زبردستی ان کا موبائل فون اور ان کے بھتیجے کا موبائل فون بھی چھین لیا۔ بعد ازاں مسلح افراد خاتون کو اپنے ساتھ ناصر آباد کے جنگلاتی علاقے کی طرف لے گئے۔
ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع فوری طور پر تمام انٹیلی جنس ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دے دی گئی ہے۔ ضلعی پولیس کے مطابق واقعے پر سنجیدگی سے کام جاری ہے اور تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید پیش رفت اور تفصیلات مناسب وقت پر فراہم کی جائیں گی۔