نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں ممکنہ شدید سردی کی لہر کا الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ دنوں میں جنوری کے آخر تک رات اور صبح کے اوقات میں شدید سرد موسم متوقع ہے جبکہ بالائی علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کی برفباری کا امکان ہے جس سے رابطہ سڑکیں، ٹرانسپورٹ اور بجلی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پہاڑی علاقوں میں ممکنہ برفباری کے باعث برفانی تودے گرنے اور پھسلن کے خطرات میں اضافہ ہوگا، میدانی علاقوں میں سرد و خشک موسم اور بعض مقامات پر کورا پڑنے کا امکان ہے جس سے فصلوں اور باغات کو نقصان کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ چند روز کے دوران بارش اور برفباری کے ایک نئے سلسلے کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم سرد رہے گا جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
بالائی علاقوں میں چترال، مالم جبہ، سوات، دیر، کالام اور بٹگرام میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ ایبٹ آباد، کوہستان، مالاکنڈ اور مانسہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی موسم مزید سرد ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جہاں اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، استور، دیامر، شگر اور گانچھے میں بارش کے ساتھ برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 16 جنوری سے 23 جنوری کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، آج سے 19 جنوری تک آزاد کشمیر میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، پونچھ اور راولا کوٹ میں موسم کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 20 جنوری سے بارش اور برفباری کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ 21 جنوری سے ملک کے بیشتر حصے ایک طاقتور موسمی نظام کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔