وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور و سابق وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ محمود خان اچکزئی کا بطور اپوزیشن لیڈر نوٹیفکیشن آج ہو جائے گا، ملکی سیاست کے لیے عمران خان کا رویہ مشکلات کا سبب بنتا ہے ، سندھ حکومت سے کوئی شکایت نہیں ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق رہنما مسلم لیگ اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو سندھ کا مقدمہ ایوان صدر میں پیش نہیں کرنا چاہئے تھا، تمام صوبوں کے اتفاق رائے سے ہی وسائل کی تقسیم کے معاملے پر آگے بڑھا جاسکتا ہے، جب تک سارے صوبے متفق نہیں ہوتے گفتگو ہوتی رہنی چاہیے تاکہ نئے آئیڈیازسامنے آتے رہیں، ایسی پریشانی کی بات نہیں، بلاول بھٹو زرداری نے شاید مختلف باتوں سے متاثر ہوکر ایسی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر 8 فروری کے بعد 8 مئی کے احتجاج کی کال نہ آئی تو بانی تحریک انصاف سے ملاقات والا مسئلہ حل ہوجائے گا، پی ٹی آئی کی تمام تر سیاسی سرگرمیاں بانی پی ٹی آئی کی مرہون منت ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان جب حکومت میں تھے تو اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کیلئے تیار نہیں تھے، یہ اپوزیشن میں ہوکر بھی حکومت کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی مسائل کو ٹیبل پر بیٹھ کر حل کرنے کے حامی نہیں، بانی پی ٹی آئی اپنی اس پالیسی پر 2011سے کاربند ہیں، ان کی پارٹی اورریاست کو مشکلات درپیش آتی رہیں، پی ٹی آئی دوسری سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات کرنے پر یقین نہیں رکھتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا رویہ ملکی سیاست کیلئے مشکلات کا سبب بنتا ہے، پی ٹی آئی اراکین نے اسٹینڈنگ کمیٹی سے استعفے دیئے ہوئے ہیں، یہ اسمبلی اجلاس میں بھی صرف احتجاج کرنے آتے ہیں، اپوزیشن لیڈر کی تقرری ایک اچھی پیش رفت ہوگی۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وسائل کی تقسیم پرمختلف جگہوں پرگفتگو ہوتی رہی اورآگے بھی ہوتی رہے گی، ملک پر قرضوں کی واپسی کا عمل بہت متاثرہورہا ہے، دفاع کے اخراجات میں اضافہ بھی سکیورٹی کیلئے ضروری ہے۔
سابق وزیرداخلہ نے واضح کیا کہ ہمیں سندھ حکومت کی کارکردگی سے کوئی شکایت نہیں، وزیراعظم نے ہمیشہ سندھ حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا، سندھ حکومت نے بھی وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کی، جمہوری دور میں سب ہی کے پاس تنقید کا اختیار ہوتا ہے، سندھ حکومت جمہوری گورنمنٹ ہے وہ وفاق پر تنقید کرسکتی ہے، وفاقی حکومت یا مسلم لیگ ن سندھ حکومت کی کارکردگی پر تنقید نہیں کررہی۔