کے پی کے عوام سوال کرتے ہیں تو کہا جاتا ہے ہم نے آپ کو شعور دیا ہے، مریم نواز

کے پی کے عوام سوال کرتے ہیں تو کہا جاتا ہے ہم نے آپ کو شعور دیا ہے، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خیبرپختونخوا حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پنجاب بھر میں غریب اور بے زمین کاشتکاروں کے لیے بڑے فلاحی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔

 راجن پور میں الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت 3 سے 5 ایکڑ تک سرکاری زرعی زمین غریب عوام کو فراہم کرے گی تاکہ دیہی آبادی کو باعزت روزگار اور خود کفالت کا موقع دیا جا سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے خیبر پختونخوا حکومت کا نام لیے بغیر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض حکومتیں عوام کے حقوق اور خوشیاں کھا جاتی ہیں، جبکہ ہماری حکومت عوام کو سہولتیں دینے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف 2 سال میں پنجاب کی تقدیر بدل دی گئی ہے اور ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ورلڈ کپ سے قبل خوشخبری، پاکستانی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بڑی چھلانگ

وزیراعلیٰ نے خیبر پختونخوا کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہاں عوام سوال کریں تو کہا جاتا ہے کہ ہم نے آپ کو شعور دیا ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں سوال اٹھایا کہ کیا لوگ اب ادویات کے بجائے شعور کھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں اس قدر تفریق ہے کہ عام عوام کے لیے شعور الگ ہے اور حکمرانوں کے بچوں کے لیے معیارِ زندگی الگ ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ آج پی ٹی آئی کے ورکرز جیل کی سلاخوں کے پیچھے بیٹھے ہیں جبکہ حکمران طبقے کے بچے برطانیہ اور دیگر ممالک میں عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز اور ووٹرز کے بچوں کا مستقبل جیلوں میں اور حکمرانوں کے بچوں کا مستقبل بیرون ملک محفوظ ہے، یہ د ہرا معیار اب عوام کے سامنے آ چکا ہے۔

انہوں نے خیبر پختونخوا کی مجموعی کارکردگی کو صفر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہاں واقعی کام ہوا ہوتا تو وزیراعلیٰ سہیل آفریدی منصوبے گنواتے، الزامات نہیں لگاتے۔

مزید پڑھیں:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا آزاد ڈیجیٹل کی خبر پر نوٹس، خیبر پختونخوا کی 14 سالہ تائیکوانڈو اسٹار عائشہ ایاز کے لیے انعام کا اعلان

مریم نواز نے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب ایک بچی نے سوال کیا تو سہیل آفریدی نے کہا کہ لگتا ہے آپ اپوزیشن سے ہیں، جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہاں اختلافِ رائے برداشت کرنے کی صلاحیت ختم ہو چکی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کہا جاتا ہے ایک وزیراعلیٰ اڈیالہ جیل کے باہر کھڑی ہے اور دوسری وزیراعلیٰ جہاز لے کر پھرتی ہے، تو تم بھی جہاز لے لو، لیکن لے کر جاؤ گے کہاں؟۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل طاقت جہاز یا پروٹوکول نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جدید ٹرانسپورٹ، صحت، تعلیم اور زرعی اصلاحات پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ الیکٹرک بس منصوبہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے، عوامی سہولت اور جدید پنجاب کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ راجن پور جیسے پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں۔

آخر میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ہم نے صرف دو سال میں پنجاب کی سمت بدل دی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں کئی سالوں کے باوجود عوام بنیادی سہولتوں کو ترس رہے ہیں۔ عوام اب نعروں نہیں بلکہ کارکردگی کا موازنہ کر رہے ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *