وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزاد ڈیجیٹل کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے خیبر پختونخوا کے ضلع سوات سے تعلق رکھنے والی 14 سالہ تائیکوانڈو اسٹار عائشہ ایاز کے لیے نقد انعام کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اسپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے عائشہ ایاز کو تین لاکھ روپے نقد انعام دیا گیا۔ صوبائی وزیر برائے کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے اسپورٹس بورڈ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے عائشہ ایاز کو چیک پیش کیا، جبکہ انہوں نے ذاتی طور پر ایک لاکھ روپے اضافی انعام بھی دیا۔
عائشہ ایاز پاکستان کی کم عمر ترین بین الاقوامی تائیکوانڈو ایتھلیٹ ہیں، جنہوں نے محض 14 برس کی عمر میں 11 بین الاقوامی میڈلز اور قومی و بین الاقوامی سطح پر مجموعی طور پر 150 سے زائد میڈلز جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے عائشہ ایاز کو قومی فخر قرار دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
تقریب کے دوران عائشہ ایاز نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی سرپرستی نوجوان کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ تقریب میں وائس چیئرمین ملک سلیمان اور سیکرٹری اسپورٹس محمد علی بھی موجود تھے۔