پشاور: رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کا معاملہ ، مرکزی رویت ہلال کمیٹی اجلاس پر صوبائی حکومت کی جانب سے کتنے روپے خرچ کیے گئے جان کر حیران رہ جائیں گے ۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے رمضان المبارک کے چاند کی رویت کے لیے پشاور میں منعقد کیے گئے کمیٹی اجلاس پر صوبائی خزانے سے 20 لاکھ روپے خرچ کردیے ، یہ خطیر رقم صرف رمضان کا چاند دیکھنے ، کھانے پینے اور دیگر انتظامات پر خرچ کی گئی ۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی صدارت میں 20 لاکھ روپے کی منظوری کابینہ کے بدھ کے روز ہونے والے اجلاس میں لی جائے گی۔
رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد کیا گیا تھا۔
دوسری جانب خیبرپختوںخوا کی عوام کو رمضان سے متعلق کسی بھی طرح کا ریلیف نہیں دیا گیا ہے اور عوام تاحال دیگر صوبوں کی طرح صوبائی حکومت کے پیکجز کا انتظار ہی کررہی ہے ۔
ماہرین اور شہریوں کا کہنا ہے کہ صرف چاند دیکھنے کے لیے اتنے بھاری اخراجات نہ صرف غیر ضروری ہیں بلکہ عوامی وسائل کے غلط استعمال کی عکاسی کرتے ہیں، بعض نے یہ بھی سوال اٹھایا ہے کہ کیا اس رقم کو تعلیم، صحت یا دیگر عوامی سہولیات میں خرچ کرنا زیادہ بہترنہیں ہوتا ۔