نواز شریف سے لاہور جاتی امرا میں پارٹی کے اہم رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں جن میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال شامل تھے۔ ملاقاتوں میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال، خطے میں کشیدگی اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی، پاکستان کی سفارتی کوششوں اور خطے میں امن و استحکام کے امور زیر غور آئے۔ اسحاق ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام اور تنازعات کے حل کیلئے مثبت اور تاریخی کردار ادا کر رہا ہے جبکہ مذاکرات اور سفارتکاری ہی مسائل کا واحد حل ہیں۔
ملاقات کے دوران عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے، معیشت کو مزید مستحکم بنانے اور ترقیاتی اہداف پر بھی مشاورت کی گئی۔ احسن اقبال نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف معیشت کی بہتری کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں اور حکومت پاکستان کو ایک مضبوط معاشی طاقت بنانے کیلئے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے پارٹی قیادت کو عوامی مسائل کے حل، مہنگائی میں کمی اور معاشی استحکام کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ہدایات بھی دیں۔ ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
واضع رہے کہ چند روز وزیر اعظم اور وزیرا علی پنجاب نے بھی نواز شریف سے اہم ملاقات کی تھی جو کئی گھنٹے جاری رہی تاہم آج کی ملاقات بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دی جارہی ہے ۔ذرائع کا دعوی ہے کہ نواز شریف سے ملک میں اٹھائیسویں ترمیم سے متعلق بھی اہم امور پر بات چیت ہوئی اور اس حوالے سے نواز شریف کی طرف سے اپنی سیاسی بصیرت کے مطابق قیادت کو خصوصی ہدایات دی ہیں۔نواز شریف کی حالیہ ملاقاتوں کے بعد ملک بھر میں ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے جس میں پاکستان کے آئینی ڈھانچے کو بھی زیر بحث لایا جارہا ہے