پاکستان میں دو روز کی مسلسل کمی کے بعد سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونا 4 لاکھ 25 ہزار روپے کی سطح عبور کر گیا جبکہ چاندی کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 900 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 25 ہزار 36 روپے ہو گئی۔
اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونا 771 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 64 ہزار 399 روپے تک پہنچ گیا جبکہ 22 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت میں 707 روپے اضافے کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 34 ہزار 44 روپے ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ فی تولہ چاندی 6 ہزار 289 روپے جبکہ 10 گرام چاندی 5 ہزار 391 روپے پر برقرار رہی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں بہتری دیکھی گئی جہاں فی اونس سونا 9 ڈالر مہنگا ہو کر 4 ہزار 26 ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ عالمی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت 58.10 ڈالر فی اونس پر مستحکم رہی۔
عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ امریکی ڈالر کی قدر شرح سود سے متعلق توقعات اور بین الاقوامی معاشی صورتحال مقامی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں پر براہِ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی مارکیٹ میں معمولی تبدیلی بھی پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں اضافے یا کمی کا سبب بن جاتی ہے۔
صرافہ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں بھی عالمی مارکیٹ کے رجحان کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مزید ردوبدل کا امکان موجود ہے۔