پاکستان مسلم لیگ نے گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے لیے مختلف حلقوں میں اپنے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیے ہیں جبکہ پارٹی قیادت نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ خطے میں ایک مضبوط سیاسی قوت بن کر سامنے آ رہی ہے۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان مصطفیٰ ملک نے بتایا کہ چیئرمین پارلیمانی بورڈ چوہدری سالک حسین کی منظوری سے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی۔ ان کے مطابق پارٹی انتخابات میں حصہ لینے والی چوتھی بڑی سیاسی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ کے اراکین محمد طارق حسن، ڈاکٹر محمد امجد، ملک محمد ثمین خان، کامران عثمانی اور سرائی نیاز خاصخیلی نے گلگت اور سکردو کا دورہ کیا جہاں پارٹی کی تنظیمی صورتحال اور انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق صوبائی صدر دلفراز خان نے مرکزی قیادت کو انتخابی مہم عوامی رابطوں اور خطے کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
پارٹی کی جانب سے مختلف حلقوں میں امیدوار میدان میں اتارے گئے ہیں جن میں جی بی اے ون گلگت ون سے دلفراز خان، جی بی اے ٹو سے عاصم خان، جی بی اے تھری گلگت تھری سے محمد شریف، جی بی اے فائیو نگر ون سے عابد حسین، جی بی اے سکس ہنزہ ون سے خوشنور دیدار، جی بی اے ایٹ سکردو ٹو سے کیپٹن محمد سکندر علی، جی بی اے بارہ شگر ون سے کیپٹن ریٹائرڈ مہدی خان، جی بی اے چودہ استور ٹو سے غضنفر اکرم خان، جی بی اے پندرہ دیامر ون سے نورالحق حب الحق خان، جی بی اے انیس غذر ون سے شیر عالم گزری، جی بی اے بیس غذر ٹو سے بختاور شاہ، جی بی اے اکیس غذر تھری سے تاجور حسین جبکہ جی بی اے چوبیس گانچھے تھری سے شیخ الطاف حسین شامل ہیں۔
مصطفیٰ ملک نے کہا کہ چوہدری سالک حسین خود انتخابی مہم کی نگرانی کر رہے ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ گلگت بلتستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی خطے میں چوہدری شجاعت حسین کی عوامی خوشحالی حب الوطنی اور شائستہ سیاست کے وژن کو آگے بڑھائے گی۔
دوسری جانب صوبائی صدر دلفراز خان نے پارٹی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام امیدوار بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔