فیفا ورلڈکپ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے ناروے کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
میامی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناروے کی پیش قدمی روک دی، انگلینڈ کی جانب سے دونوں گول بیلنگھم نے اسکور کیے، جبکہ ناروے کی طرف سے واحد گول شائلڈراپ نے 36ویں منٹ میں کیا۔
میچ کے 55ویں منٹ میں ناروے کو دوسرا گول کرنے کا موقع ملا، تاہم ریفری نے وی اے آر ٹیکنالوجی کی مدد سے گول مسترد کردیا۔ ریفری کے مطابق کارنر کک کے دوران ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ نے حریف کھلاڑی پر فاؤل کیا تھا۔
اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ فٹبال ورلڈکپ کی تاریخ میں چوتھی مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے، انگلش ٹیم نے پہلی بار 1966 میں ورلڈکپ کا ٹائٹل جیتا تھا، جبکہ 1990 اور 2018 کے ورلڈکپ میں بھی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، جہاں دونوں مرتبہ اسے چوتھی پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔
دوسری جانب ناروے کی ٹیم 28 سال بعد ورلڈکپ میں شریک ہوئی تھی اور پہلی بار ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل مرحلے تک پہنچی، تاہم انگلینڈ نے میامی میں اس کا سفر ختم کردیا۔
انگلینڈ اب سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے بعد ٹائٹل کے مزید قریب پہنچ گیا ہے، جہاں اس کی نظریں عالمی کپ کی تاریخ میں دوسری مرتبہ ٹرافی اٹھانے پر ہوں گی۔