کامران مجاہد نے ماہرہ خان کو صبا قمر سےبہتر اداکارہ قرار دے دیا

کامران مجاہد نے ماہرہ خان کو صبا قمر سےبہتر اداکارہ قرار دے دیا

پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلم انڈسٹری کے ورسٹائل اداکار کامران مجاہد ان دنوں گرین انٹرٹینمنٹ کے ڈرامے مٹی دے باوے میں نیفہ کے کردار کے باعث ایک بار پھر مداحوں کی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔

کامران مجاہد کئی معروف ڈراموں اور فلمی منصوبوں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ ان کے نمایاں کاموں میں امبر ماریہ، تقدیر، لو، لائف اور لاہور، دلدار صدقے، یہی تو پیار ہے، میں مر گئی شوقت علی اور پورے چاند کی رات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے یمنیٰ زیدی کے ساتھ مختصر فلم وانگاں میں بھی کام کیا۔

حال ہی میں کامران مجاہد نے فیروز چوہدری کی میزبانی میں ہونے والے پروگرام وائس آف کلک می پاکستان میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف فنکاروں کی اداکاری اور اسکرین پر موجودگی کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا۔

پروگرام کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ ماہرہ خان اور صبا قمر میں سے کس اداکارہ کو ترجیح دیں گے تو کامران مجاہد نے ماہرہ خان کا نام لیا۔

یہ بھی پڑھیں:سلمان خان نے شردھا کپور سے معافی کیوں مانگی؟ وجہ سامنے آگئی

ان کا کہنا تھا کہ صبا قمر بھی ایک بہترین اور ورسٹائل اداکارہ ہیں اور انہوں نے کئی یادگار کردار ادا کیے ہیں، لیکن ماہرہ خان کی شخصیت اور اسکرین پر موجودگی کا انداز مختلف ہے۔ جب وہ اسکرین پر آتی ہیں تو محسوس ہوتا ہے کہ کوئی اسٹار آگیا ہے۔

کامران مجاہد نے مزید کہا کہ فواد خان ایک اسٹار ہیں، جبکہ وہ وہاج علی کو ایک اداکار سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق اداکار کا کیریئر طویل ہوتا ہے کیونکہ وہ مختلف کرداروں میں خود کو منوا سکتا ہے۔

انہوں نے وہاج علی کا موازنہ شہریار منور سے کرتے ہوئے کہا کہ وہاج نے اب تک مختلف نوعیت کے کردار ادا کیے ہیں، اس لیے وہ انہیں ترجیح دیں گے۔

اداکار نے ہمایوں سعید کی تعریف کرتے ہوئے ان کے مکالمے بولنے کے منفرد انداز کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان کا یہی مخصوص انداز انہیں دوسروں سے الگ بناتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سلمان خان نے شردھا کپور سے معافی کیوں مانگی؟ وجہ سامنے آگئی

اسی گفتگو میں انہوں نے ہانیہ عامر اور درفشاں سلیم کے حوالے سے بھی اپنی رائے دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہانیہ اسکرین پر بہت خوبصورت دکھائی دیتی ہیں، لیکن درفشاں ایک ایسی اداکارہ ہیں جو اسکرین پر اپنے کردار کو بھرپور انداز میں پیش کرتی ہیں۔

تاہم ماہرہ خان اور درفشاں میں سے انتخاب کرنے کا سوال آیا تو کامران مجاہد نے ایک بار پھر ماہرہ خان کو ترجیح دی۔ ان کے ان تبصروں کے بعد شوبز مداحوں کے درمیان اداکاروں کی مقبولیت، اداکاری اور اسکرین پر موجودگی کے فرق پر بحث کا دلچسپ موضوع سامنے آگیا۔

editor

Related Articles