ریچھ کو عام طور پر ایک خطرناک جنگلی جانور سمجھا جاتا ہے، جس سے انسان فاصلہ رکھنا ہی بہتر سمجھتے ہیں۔ لیکن تاریخ میں ایک ایسا ریچھ بھی گزرا ہے جو نہ صرف انسانوں کے ساتھ رہا بلکہ باقاعدہ ایک ملک کی فوج کا حصہ بھی بنا اور دوسری جنگ عظیم میں فوجیوں کے ساتھ اہم ذمہ داریاں انجام دیں۔
یہ دلچسپ کہانی ووجٹیک نامی ایک شامی بھورے ریچھ کی ہے، جو دوسری جنگ عظیم کے دوران پولینڈ کی فوج میں سپاہی کے طور پر شامل ہوا۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اسے فوجی شناختی نمبر، عہدہ اور تنخواہ بھی دی جاتی تھی۔
1943 میں پولینڈ کے فوجیوں کو ایران میں یہ ریچھ ایک چرواہے کے پاس ملا، جو اسے ایک بوری میں ڈال کر لے جا رہا تھا۔ شکاریوں نے اس کی ماں کو ہلاک کر دیا تھا اور ریچھ کا یہ بچہ بے سہارا رہ گیا تھا۔ فوجیوں نے کچھ اشیا کے بدلے اسے اپنے ساتھ لے لیا اور اس کی دیکھ بھال شروع کر دی۔
ابتدا میں فوجی اسے دودھ پلاتے تھے، بعد ازاں شہد، پھل اور دوسری غذائیں بھی اس کی خوراک کا حصہ بن گئیں۔ کچھ ہی عرصے میں ووجٹیک فوجی یونٹ کا ایسا حصہ بن گیا کہ تمام سپاہی اس سے خاص لگاؤ رکھنے لگے۔
ووجٹیک کا نام پولش زبان کا لفظ ہے، جس کا مطلب خوش مزاج جنگجو بتایا جاتا ہے۔ فوجیوں نے اس کی دیکھ بھال کے لیے ایک سپاہی بھی مقرر کیا، جس نے اسے مارچ کرنا اور فوجی انداز میں سیلوٹ کرنا سکھایا۔ وہ فوجیوں کے ساتھ دوڑنے، کھیلنے، ریسلنگ اور باکسنگ جیسی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتا تھا۔
ووجٹیک کو سگریٹ اور الکحل میں بھی دلچسپی تھی اور اس کی شرارتی حرکتیں فوجیوں کے لیے تفریح کا ذریعہ بن گئیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ وہ پورے فوجی دستے کا پسندیدہ ساتھی بن گیا۔
1944 میں جب پولینڈ کا فوجی دستہ اتحادی افواج کے ساتھ اٹلی جانے کی تیاری کر رہا تھا تو ایک مسئلہ سامنے آگیا۔ فوجی قوانین کے مطابق پالتو جانوروں کو فوجی دستے کے ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں تھی۔
اس مسئلے کا حل نکالنے کے لیے فوجیوں نے ووجٹیک کو باقاعدہ فوج میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسے سپاہی کا عہدہ اور فوجی شناختی نمبر دے دیا گیا، یوں وہ قانونی طور پر فوجی دستے کا حصہ بن گیا۔ اس کے نام پر تنخواہ کا ریکارڈ بھی موجود تھا۔
مئی 1944 میں اٹلی کی جنگ کے دوران ووجٹیک نے اپنے فوجی ساتھیوں کی مدد کرتے ہوئے گولہ بارود اور بھاری گولے لڑائی کے مقام تک پہنچائے۔ اس واقعے کے بعد وہ پولینڈ کی فوج میں ایک منفرد شناخت رکھنے لگا۔
دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کے بعد ووجٹیک کو مزید ترقی دے کر کارپورل کا عہدہ دیا گیا۔ 1946 میں وہ اپنے فوجی دستے کے ساتھ اسکاٹ لینڈ منتقل ہوگیا، جہاں اسے رہنے کے لیے کیمپ میں جگہ، خوراک اور کھیلنے کے لیے سوئمنگ پول بھی فراہم کیا گیا۔
بعد ازاں جب پولش فوجیوں کی وطن واپسی کا فیصلہ ہوا تو ووجٹیک کو پولینڈ واپس لے جانے کے بجائے اسکاٹ لینڈ میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ وہ بچپن سے انسانوں کے ساتھ رہنے کا عادی ہو چکا تھا اور جنگل میں آزاد زندگی گزارنے کے لیے موزوں نہیں رہا تھا۔
1947 میں اسے ایڈنبرا کے چڑیا گھر منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ اس کے سابق فوجی ساتھی بھی وقتاً فوقتاً اس سے ملاقات کے لیے آتے تھے۔
ووجٹیک 1963 میں 21 سال کی عمر میں چل بسا، لیکن اس کی کہانی آج بھی دوسری جنگ عظیم کے حیران کن واقعات میں شمار ہوتی ہے۔ پولینڈ، اسکاٹ لینڈ اور دیگر مقامات پر اس کی یاد میں مجسمے بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔
یوں ایک بے سہارا ریچھ کا بچہ فوجیوں کا ساتھی بنا، فوج میں سپاہی کا عہدہ حاصل کیا اور جنگ میں اپنی خدمات کے باعث تاریخ کا حصہ بن گیا۔