پاکستان آرمی نے ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فتح 2 ایکسٹینڈڈ رینج (ER) کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جدید نیویگیشن اور جدید ترین ایویانکس سے لیس یہ میزائل انتہائی درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے اور دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
فتح 2 ایکسٹینڈڈ رینج میزائل کی منفرد پرواز کی سمت اور راستے میں تبدیلی کی صلاحیت اسے دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو شکست دینے کے قابل بناتی ہے، جبکہ اس کی توسیع شدہ رینج پاکستان آرمی کی دور تک اہداف کو نشانہ بنانے کی پہنچ اور صلاحیت میں مزید اضافہ کرے گی۔
میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاکستان آرمی کے سینئر افسران اور سائنسدانوں و انجینئرز نے کیا۔ اس موقع پر کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے سائنسدانوں اور انجینئرز کی لگن اور فنی مہارت کو سراہا۔
فتح 2 ایکسٹینڈڈ رینج میزائل کے کامیاب تجربے پر صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارک باد دی۔