پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر اڈیالہ جیل کے اطراف سیکورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،راولپنڈی میں ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے اعلان کے بعد اڈیالہ جیل اور اس کے اطراف میں حفاظتی اقدامات تیز کر د ئیے گئے ہیں۔
اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم نے سی پی او راولپنڈی کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں جیل کی اندرونی و بیرونی سیکورٹی کے لیے اضافی نفری تعینات کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
جیل حکام کی سفارشات کو مدِنظر رکھتے ہوئے سی پی او راولپنڈی نے جیل کے اطراف میں اضافی پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کا حکم جاری کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ادھر راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے 5 اگست کے احتجاج کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کا اطلاق 4 اگست سے 10 اگست تک ہوگا۔ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، اس دوران ریلیوں، جلسوں، مظاہروں، دھرنوں اور سیاسی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔