متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اپنی 2025 کی نئی ویزا پالیسی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت 107 ممالک کے شہریوں کو اب ملک میں داخل ہونے سے پہلے ویزا حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
دنیا بھر میں اپنی تیز رفتار معیشت، عالمی روابط اور بڑھتی ہوئی سیاحت کے لیے مشہور متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ یہ اقدام مہمان نوازی اور سرحدی سلامتی کے درمیان توازن برقرار رکھنے اور آنے والے مسافروں کی بہتر نگرانی کے لیے کیا گیا ہے۔
107 ممالک کے لیے پیشگی ویزا کی شرط
نئی ویزا فہرست میں ایشیا، افریقہ، یورپ اور امریکا کے کئی ممالک شامل ہیں، جو یو اے ای کے امیگریشن نظام کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کی کوشش کی عکاسی کرتی ہے۔
اعلان کے مطابق، پاکستان، بھارت، افغانستان، نائجیریا، فلپائن، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے شہریوں کو یو اے ای میں داخلے سے پہلے ویزا حاصل کرنا ہوگا۔
دیگر ممالک
افغانستان، الجیریا، انگولا، بنگلہ دیش، بھارت، پاکستان، نائجیریا، فلپائن، ایتھوپیا، کینیا، گھانا، سری لنکا، ویتنام، ترکی، کیوبا، ڈومینیکن ریپبلک، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو، پالاﺅ، ساموا، اور تووالو شامل ہیں۔
حکام کے مطابق اس نئی پالیسی کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ تمام غیر ملکی مسافر یو اے ای کے سفری اور سلامتی کے ضوابط پر پورا اتریں، تاکہ غیر قانونی نقل و حرکت اور جعلی دستاویزات کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔
نو ممالک کے لیے عارضی ویزا پابندی
نئی ویزا پالیسی کے ساتھ ساتھ، یو اے ای نے 9 ممالک کے شہریوں کے لیے سیاحتی اور ورک ویزے پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے، جس کی وجہ انتظامی اور ضابطہ جاتی امور بتائے گئے ہیں۔
متاثرہ ممالک میں نائجیریا، گھانا، سیرالیون، سوڈان، کیمرون، لائبیریا، جمہوریہ بینن، کانگو، اور برونڈی شامل ہیں۔
یو اے ای حکام کے مطابق یہ پابندی سیاحتی اور روزگار دونوں ویزوں پر لاگو ہوگی، تاہم یہ ایک عارضی اقدام ہے جس کا دوبارہ جائزہ مستقبل میں پالیسی کی تبدیلیوں کے مطابق لیا جائے گا۔
سلامتی اور کھلے پن کے درمیان توازن
یو اے ای کی نئی ویزا پالیسی اس کے 2 اہم مقاصد کو واضح کرتی ہے، ملک کو دنیا کے کاروبار، سیاحت اور روزگار کے لیے پرکشش مقام بنائے رکھنا اور ساتھ ہی سرحدی کنٹرول اور ڈیٹا کی تصدیق کے نظام کو مضبوط کرنا۔
حکام کے مطابق ویزا منظوری کے طریقہ کار میں بہتری سے ملک جعلی درخواستوں میں کمی، درست درخواستوں کی تیز منظوری اور مسافروں کی معلومات کی زیادہ مؤثر جانچ کو یقینی بنانا چاہتا ہے۔
مسافروں کے لیے اہم ہدایات
وہ مسافر جو اب ویزا کے پابند ہیں، ان کے لیے درج ذیل ہدایات جاری کی گئی ہیں جن میں ویزے کے لیے پیشگی درخواست یو اے ای کے سفارت خانوں یا مجاز ویزا مراکز کے ذریعے جمع کرائیں۔ درخواست سے قبل پاسپورٹ کی کم از کم چھ ماہ کی معیاد یقینی بنائیں۔
اسی طرح جعلی ایجنٹس یا فوری ویزا کی پیشکش کرنے والے افراد سے گریز کریں، کیونکہ ویزا فراڈ اب بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ یو اے ای کے سرکاری امیگریشن اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں، کیونکہ پالیسی میں تبدیلیاں سفارتی حالات کے مطابق جاری رہ سکتی ہیں۔
سالانہ لاکھوں سیاحوں اور کارکنوں کی آمد کے ساتھ، یو اے ای کی 2025 ویزا اصلاحات اس بات کی غمازی کرتی ہیں کہ ملک اپنے دروازے محفوظ مگر خوش آمدیدی انداز میں کھلے رکھنا چاہتا ہے — تاکہ ترقی، سلامتی، اور اعتماد کے ساتھ عالمی برادری سے اپنے تعلقات مضبوط بنا سکے۔